ممبئی،5اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی کو اب وزڈن کرکٹرز کے المینیک 2017 میں دنیا کا معروف کرکٹر بتایا گیا ہے۔ اس میگزین کے کور پیج پر وراٹ کی تصویر ہے، جس میں وہ ریورس سوئپ لگاتے نظر آرہے ہیں۔ وراٹ وزڈن کی میگزین کے کور پیج پر آنے والے تیسرے ہندوستانی ہیں۔ اس سے پہلے وریندر سہواگ اور سچن تندولکر کو یہ اعزاز حاصل ہوا تھا۔
سہواگ نے مسلسل دو بار 2008 اور 2009 میں یہ اعزاز حاصل کیا، جبکہ سچن تندولکر کو 2010 میں وزڈن نے یہ اعزاز دیا۔ عالمی ’’کرکٹ کی بائبل‘‘ کہی جانے والی اس سالانہ میگزین کے ایڈیٹر لارنس بوتھ نیکہا ہے کہ 2016 میں کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں بہترین اوسط رکھنے والے وراٹ کے لئے یہ سال سنہرا ثابت ہوا ہے۔سال 2016 میں وراٹ نے ٹیسٹ میں 75، ون ڈے میں 92 اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں 106 کے اوسط سے بلے بازی کی، ساتھ ہی ان کی کپتانی میں ہندوستان نے 2016۔17 میں انگلینڈ کا تینوں فارمیٹس میں صفایا کر دیا۔
وراٹ نے انگلینڈ کے خلاف 4۔0 سے سیریز جیت میں دو سنچری جمائی تھی جس میں 235 رن کی ان کی میچ فاتح اننگز بھی تھی۔ لارنس بوتھ نے وراٹ کو اس اننگز کی بدولت سچن کا حقیقی جانشین قرار دیا۔وزڈن نے پانچ کھلاڑیوں کو کرکٹرز آف دی ایئر منتخب کیا ہے، جن میں پاکستان کے سینئر مصباح الحق اور یونس خان بھی شامل ہیں۔ گزشتہ سیشن گرما میں انگلینڈ کے خلاف 2۔2 سے سیریز برابر ی میں ان دونوں کے اہم کردار کی وجہ سے انہیں یہ اعزاز ملا ہے، جس سے ایک مختصر وقت کے لئے ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان نمبر 1 پر آ گیا تھا۔ کرکٹرز آف دی ایئر میں انگلش کرکٹر کرس ووکس، بین ڈکیٹ اور ٹوبی رولینڈ جونز کو شامل کیا گیا ہے۔